خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع کرک میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین نے سڑکوں پر آ کر احتجاج کیا اور پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ کرک کے علاقے سیریخواہ میں خواتین نے گیس کی بندش کے خلاف گیس بل اور بینرز اٹھائے، احتجاج کرتے ہوئے پولیو ٹیم کو علاقے سے نکال دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی یونین کونسل گیس پیدا کرنے والا علاقہ ہے، لیکن پھر بھی انہیں گیس نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی علاقے میں گیس غائب ہو گئی ہے۔
خواتین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گیس بل وقت پر ادا کرتی ہیں، مگر گیس کی طویل لوڈشیڈنگ سمجھ سے باہر ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ جب تک گیس کی فراہمی نہیں ہوتی، پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔
یہ احتجاج اس وقت سامنے آیا جب خیبر پختونخوا میں سات روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، اور حکومت نے پشاور سمیت صوبے بھر میں بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔