پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں تھانہ منتی پر دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش کی جسے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنادیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق منتی میں پولیس اسٹیشن پر جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے دو اطراف سے حملہ کیا، جس پر پولیس کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد پسپا ہوئے اور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ترجمان خیبرپختونخوا پولیس نے تصدیق کی کہ دہشت گردوں کے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تھانہ منتی میں ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کر کے مسلح شرپسندوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان بیس منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ پشاور پولیس نے ہمیشہ دلیری سے مقابلہ کیا ہے، ہم دہشتگردوں کی ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔