خیبر اور ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارشوں سے تباہی

ضلع خیبر اور ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، سیلابی ریلے میں بہنے والے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

بارشوں کے بعد نالوں میں شدید طغیانی ہے، جبکہ تیز ہوا کے باعث درخت اور بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

پشاور میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

لاہور، مری، میانوالی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔