پشاور: نئے اسلامی سال کے آغاز پر خیبر پختون خوا میں عام تعطیل ہوگی۔
یکم محرم الحرام کو تعطیل کا اطلاق آج چاند نظر آنے کی صورت میں ہوگا۔ آج چاند نظر آنے پر کل (بدھ کو ) اور چاند نظر نہ آنے پر جمعرات کو عام تعطیل ہوگی۔
واضح رہے کہ یکم محرم الحرام کی عام تعطیل کا اعلان پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ہوا تھا، جب پرویز خٹک خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ تھے۔
دوسری جانب نئے اسلامی سال کے آغاز کے حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے محرم الحرام کا چاند آج دیکھا جائے گا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت آج کوئٹہ میں اجلاس ہوگا، جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، زونل کمیٹی کراچی کے ارکان سمیت وزارت مذہبی امور، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور سپارکو کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔
رویت ہلال کمیٹی کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوں گے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نئے اسلامی سال کے اغاز کا اعلان کریں گے۔