پشاور:پشاور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ حکومت کے سیاسی انتقام پر مقدمات بنانے سے لوگوں کا اعتماد اٹھ جائے گا۔
پشاورہائیکورٹ میں جسٹس اشتیاق ابراہیم اور اعجاز انور پر مشتمل 2رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی انور تاج اورمئیر صوابی عطااللہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلوں کے خلاف مختلف مقامات پر مقدمات درج کیے گئے ہیں تاہم انہیں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں، جس کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف کے سابق ایم این اے انور تاج کے خلاف چارسدہ اور مردان میں اینٹی کرپشن کا ایک مقدمہ اور پولیس کے 3مقدمات ہیں جب کہ تحصیل مئیر صوابی عطااللہ کے خلاف انٹی کرپشن میں ایک شکایت ہے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ اگر حکومت مخالفین پر سیاسی انتقام کے لیے انٹی کرپشن کے مقدمات بنائے گی تو پھر لوگوں کا اس پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ عدالت نے تفصیلات فراہم کرنے کے بعد رٹ درخواستیں نمٹا دیں۔