پشاور: ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں کمپاؤنڈ کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہوگئی جس میں پولیس اہلکار اور شہری شامل ہیں جبکہ 8 افراد زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام نے سرچ آپریشن کے دوران ملبے کے نیچے سے ایک اور شخصس کی لاش نکال لی جبکہ اسپتال میں بھی شدید زخمی اہلکار شہید ہوگیا۔ ریسکیو1122 کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
ترجمان خیبر پولیس کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں نور بہادر اور طیب شامل ہیں۔ حملے کے بعد سیکیورٹی ٹیموں نے جوابی کارروائی کی اور دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس کی مزید نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود رہی۔
سینیئر پولیس افیسر نے بتایا کہ باڑہ تحصیل پر دو خودکش حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی لیکن فوری جوابی کارروائی سے حملہ آوروں کو مار دیا گیا، برقت کارروائی سے حملہ ناکام بنایا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو تحصیل کمپاؤنڈ آفس کے مین گیٹ پر تعینات تھے۔ ریسکیو 1122 نے 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جن میں سے ایک شدید زخمی کو ایچ ایم سی علاج کے روانہ کر دیا گیا۔
ترجمان ایچ ایم سی نے بتایا کہ خیبر باڑہ بازار میں دھماکا کے باعث 4 زخمیوں کو لایا گیا جس میں ڈیڈ بادی بھی شامل ہے، 4 زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایک زخمی کو ایچ ایم سی، 3 زخمیوں کو مقامی اسپتال اور 6 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئیں۔ دھماکے سے عمارت کی چھت گرنے سے ایک شخص نیچے دب گیا، ریسکیو 1122 کی ہیوی مشینری موقع کی جانب روانہ کر دی گئی۔
واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آئی جی پی اختر حیات نے کہا کہ دھماکا دو خودکش حملہ آوروں نے کیا، ایک حملہ آور نے فرنٹ گیٹ اور دوسرے نے عقب سے کمپاونڈ میں داخلے کی کوشش کی جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔
آئی جی نے بتایا کہ حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کرلیے ہیں۔