پولیس نے دہشتگردوں کو بہادری سے روکا، آئی جی خیبر پختونخوا

آئی جی خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے کہا ہے کہ پولیس نے دہشت گردوں کو بہادری سے روکا، پولیس نے اپنی جانوں پر کھیل کر بہت بڑی تباہی سے عوام کو بچایا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ باڑہ میں آج خودکش دھماکا ہوا ہے، پولیس نے دہشت گردوں کو بہادری سے روکا۔

اخترحیات خان نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا گیا جبکہ دوسرے خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا، پولیس نے اپنی جانوں پر کھیل کر بہت بڑی تباہی سے عوام کو بچایا ہے، گزشتہ چند دنوں میں پشاور اور خیبرپختونخوا میں 3 واقعات پیش آئے۔

یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا کی تحصیل باڑہ کے کمپاؤنڈ گیٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور مارے گئے۔