اسٹیٹ بینک نے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل کرنسی لانچ کرنے کا پلان تیار کرلیا۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف بینکوں نے ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام شروع کردیا ہے، سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام کررہا ہے۔ ڈیجیٹل کرنسی لانچ کرنے کےلئے دنیا کے مرکزی بینکوں کے منصوبوں کو چیک کررہے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 8 سے 10 مرکزی بینکوں نے ڈیجیٹل کرنسی لانچ پر پائلٹ بیسز پر کام کا آغاز کیا ہے، ابھی جائزہ لے رہے ہیں کہیں ایسا نہ ہو کہ دھوکہ ہوجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے اسٹیٹ بینک ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے اپنی استعداد کار کو بڑھایا جائے گا۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کرنسی پر پہلے اسٹیٹ بینک کا مؤقف مختلف تھا، کرپٹو کرنسی پر بریفنگ کے دوران اسٹیٹ بینک حکام نے اس کی مخالفت کی تھی،انہوں نے کہاکہ شکر ہے کہ اب اسٹیٹ بینک خود اس پر کام کررہا ہے۔