شیخوپورہ میں پراپرٹی آفس پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

کوٹ عبدالمالک کے قریب نامعلوم افراد کی پراپرٹی آفس پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

شیخوپورہ کے کوٹ عبدالمالک کے قریب نامعلوم افراد نے پراپرٹی آفس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے، جب کہ واقعے میں 3 زخمی ہوئے، ریسکیو کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ایک نوجوان دم توڑ گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں سرفراز، مہر علی اور لطیف جب کہ زخمی ہونے والوں میں فیصل وقاص، سعید اور مقصود احمد شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ڈی پی او شیخوپورہ نے علاقہ کی ناکہ بندی کی ہدایت کردی ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔