باجوڑ دھماکے کے شواہد ڈی این اے کے لیے بھجوا دیے ہیں، آئی جی خیبر پختونخوا

 باجوڑ میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے والی جگہ سے شواہد اکٹھے کرکے ڈی این اے کے لیے بھجوا دیے گئے۔

انسپکٹر پولیس (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات خان نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کی گئی ہے، بم ڈسپوزل یونٹ نے دھماکے کی جگہ سے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔

آئی جی کا کہنا ہے کہ دھماکے والی جگہ اور اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہےجس کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ٹیم واقعے کی جگہ پر تحقیقات میں مصروف ہے، واقعے میں ملوث تنظیم اور خودکش حملہ آور کی نشاندہی کر رہے ہیں، اُمید ہے جلد تحقیقات میں پیش رفت ہوسکے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے میں 44 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دھماکے میں جیو نیوز کے کیمرہ مین سمیع اللّٰہ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، دھماکے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، 20 سے زائد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

ترجمان جمعیت علماء اسلام خیبر پختوا عبدالجلیل جان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ورکرز کنونشن میں 4 بجے کے قریب دھماکا ہوا تھا۔