انتظارختم ، آئی فون 15کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

بلومبرگ میں ایپل کے تجزیہ کار،مارک گورمین نے کہا ہے کہ ایپل ستمبر کے دوسرے ہفتے میں آئی فون 15 ریلیزکردے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے تازہ ترین پاورآن نیوزلیٹر میں گورمین نے انکشاف کیا کہ آئی فون 15 کی نقاب کشائی اس سال منگل، 12 ستمبر یا بدھ، 13 ستمبر کو کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ درست ہے توصارفین ایپل کے نئے فونز کے پری آرڈر ممکنہ طورپر کچھ دن بعد جمعہ 15 ستمبر سے کرسکیں گے جبکہ شپنگ کی تاریخیں ایک اور ہفتے بعد جمعہ 22 ستمبر کی ہونگی۔

واضح رہے کہ گورمین کا یہ انکشاف ’9 ٹو 5 میک‘ ٹیک نیوزویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے چند دن بعد سامنے آیا ہےجس میں کہا گیا تھا کہ ایپل نے ملازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ بالخصوص بدھ 13 ستمبر کو چھٹی کرنے سے گریز کریں (کسی اہم اعلان کی توقع ہے)۔

آئی فون 15 سیریزکے فونزکافی حد تک گزشتہ سال کے ماڈلز سے مختلف ہوں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نئے آئی فونزمیں کئی تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے جن کے بارے میں لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔

یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ سے لے کر کیمرا سیٹ اپ اور دیگر فیچرز کے بارے میں لیکس گزشتہ مہینوں میں سامنے آچکی ہیں۔

آئی فون 15 اورآئی فون 15 پرومیں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اورآئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔

کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرومیکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونزکے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔