پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں 23 تا 27 اگست مزید مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا، تیز بارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، بارشوں سے موجودہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سوات، کوہستان، بونیر، صوابی، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، مردان، تورغر میں تیز بارشوں سے ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ بارشوں سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی کی ہدایت کردی ہے، طوفان کی صورت میں عوام بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے، حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے، متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں کی جانب منتقل کریں، اس دوران ہنگامی خدمات کے اہل کاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے، سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے، سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔