بٹ گرام چیئر لفٹ اپ ڈیٹ: لفٹ اونچائی پر ہے، کھائی میں جال لگانا مشکل ہے: ڈی آئی جی

بٹگرام کے علاقے آلائی میں چیئر لفٹ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے آرمی کا ہیلی کاپٹر کوششیں کر رہے ہیں۔

تازہ ترین تفصیلات کے مطابق چیئر لفٹ میں پھنسے ایک شخص گل فراز نے بتائی ہیں جن کے بقول 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔

انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔

گلفراز کا کہنا تھا کہ چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے اور ہسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کا کہنا ہےکہ ہم نے چیئر لفٹ ماہر کو بھی بھیجا ہے، لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچےکھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے۔