بٹگرام: چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے پر 2 مقامی افراد کو خراج تحسین

خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام کے چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے پر 2 مقامی افراد کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے صاحب خان نے بتایا کہ چیئر لفٹ کی رسیاں ٹوٹنے کا واقعہ صبح 7 بجے ہوا، ہم 8 سے 9 بجے کے درمیان وہاں پہنچے، شام کو مقامی افراد نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔

صاحب خان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سے ایک بچے کو ریسکیو کیا گیا، دیگر 7 افرادپھنسے ہوئے تھے، ہم نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تمام 7 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

مقامی شہری جاوید ناصر نے کہا کہ ان دونوں نے جس طرح ریسکیو آپریشن کیا پوری قوم کو فخر ہے، دونوں افراد کو ایک لاکھ روپے بطور انعام دینا چاہتا ہوں۔

حبیب رحمٰن کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو چیئر لفٹ کے اوپر لایا گیا اور رسیاں پھینکی گئیں، ایک شخص نے خود کو رسی سے باندھا تو اسے ریسکیو کیا گیا، دیگر نے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پھنسے افراد کو راضی کرنے کی انتھک کوشش کی گئی مگر وہ نہ مانے، اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا جا سکتا تھا۔

واضح رہے کہ بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد کو نکالنے کے لیے کئی گھنٹے سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔