بجلی بل: خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں احتجاج

خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بجلی کے بے تحاشا بلوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور کہا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے اور ریکارڈ مہنگائی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

مظاہرین نے سڑکیں بلاک کردیں، بجلی کے بلوں کو آگ لگا دی اور اعلان کیا کہ وہ اس ’ناانصافی‘ کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

پشاور میں تاجر برادری کے ارکان نے گلبہار، کوہاٹی گیٹ، شاہین مسلم ٹاؤن، پہاڑی پورہ اور ورسک روڈ کے علاقوں میں مسلسل چوتھے روز مظاہرہ کیا۔

دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاج میں شرکت کی، اور بجلی کے بلوں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ فوری واپس لینے اور اس مد میں لی گئی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔