پشاور میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف عوامی ردعمل کے پیش نظر الیکٹرک سپلائی کمپنی نے پولیس سے سکیورٹی مانگ لی۔
پیسکو نے سکیورٹی کی فراہمی سے متعلق سی سی پی او کو خط لکھا جس میں پیسکو کی جانب سے درخواست کی گئی ہے کہ سات سب ڈویژنز پر پولیس تعینات کی جائے ، ان سات سب ڈویژنز میں خیبر سرکل، حیات آباد ٹو تاج آباد ،لنڈی ارباب، بڈھ بیر، متنی اور دیہہ بہادر سب ڈویژنز شامل ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مشتعل عوام ان سب ڈویژنز میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کرسکتے ہیں۔
اسی خطرے کے پیش نظر پیسکو ملازمین میں بھی خوف و ہراس پایا جارہا ہے جبکہ خط میں یہ لکھا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امن و امان کو خدشات لاحق ہوسکتے ہیں تاہم اس صورتحال میں پیسکو ملازمین اور املاک کو تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے۔
دوسری جانب سی سی پی او اشفاق انور نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیسکو کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
اشفاق انور نے کہا کہ پیسکو کی جانب سے بھیجے گئے خط پر کل سے عمل درآمد شروع ہوگا۔