خیبر پختونخوا میں 72 خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار 40 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق تمام 72 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں۔
جماعت اسلامی نے 5، اے این پی نے 4 اور پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
خیبر پختونخوا میں 65 مختلف دیہات اور نیبر ہوڈ کونسلز میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ آج صبح 8 بجے سخت سیکیورٹی کے درمیان شروع ہوئی۔
پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، اپر اور لوئر دیر اور باجوڑ سمیت 21 اضلاع میں ضمنی انتخابات ہوئے۔
اس مقصد کے لئے مجموعی طور پر 256 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ ان میں سے 159 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 84 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
امن و امان کو برقرار رکھنے اور پرامن ووٹنگ کے تجربے کو یقینی بنانے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔