اے این پی کا مفت بجلی استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ترجمان زاہد خان نے مفت بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں زاہد خان نے کہا کہ فیول ایڈجسمنٹ اور دیگر سرچارجز کے مد میں عوام کے جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس بدترین طوفان میں عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، مفت بجلی استعمال کرنے والے اداروں اور افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اے این پی ترجمان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کو بجلی کے خالص منافع اور اپنی بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے مد میں مرکز کے ذمے واجب الادا رقم تک ادا نہیں کی جارہی، صرف اجلاسوں اور بیانات سے کچھ نہیں ہوگا، عوام کو ریلیف دیا جائے۔

زاہد خان نے کہا کہ اے این پی میدان میں نکل چکی ہے، کل مختلف علاقوں میں احتجاج کئے جائیں گے۔