حالیہ برسوں میں جوان افراد میں امراض قلب اور ہارٹ اٹیک کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اب طبی ماہرین نے اس کی ممکنہ وجہ پر روشنی ڈالی ہے۔
درحقیقت جو افراد بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، ان میں جوانی یا درمیانی عمر میں امراض قلب، ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
یہ انکشاف فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بچپن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کا حجم بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق دل کا حجم بڑھنے کے باعث دل کو اپنے افعال کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے جس سے اس پر تناؤ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے 1990 کی دہائی میں بچیوں پر ہونے والی ایک تحقیق کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
یہ مجموعی طور پر 766 بچیاں تھیں جن کی جسمانی سرگرمیوں کا مشاہدہ ٹریکرز کے ذریعے کیا گیا تھا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ 11 سال کی عمر میں جو بچیاں دن بھر میں 6 گھنٹے بیٹھ کر گزارتی ہیں، وہ 15 سال کی عمر میں 8 گھنٹے بیٹھ کر گزارنے لگتی ہیں جبکہ 24 سال کی عمر تک یہ وقت لگ بھگ 9 گھنٹے تک پہنچ جاتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کے بائیں حصے کے حجم میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
دل کے اس حصے کے حجم میں اضافہ درمیانی عمر میں ہارٹ اٹیک یا امراض قلب کی سنگین پیچیدگیوں کا ٹھوس عندیہ دیتا ہے۔
اس تحقیق میں صرف لڑکیوں کو شامل کیا گیا تھا تو محققین کی جانب سے اب لڑکوں پر بھی تحقیق کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ابھی تحقیق کے مکمل نتائج جاری نہیں کیے گئے بلکہ ایک حصہ سامنے آیا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔