تمباکو نوشی سے نجات دلانے میں مددگار اسمارٹ واچ ایپ تیار

اگر آپ سگریٹ نوشی چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر یہ مشکل محسوس ہو رہا ہے، تو خوشخبری یہ ہے کہ ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے جس سے اس عادت کو ترک کرنا آسان ہو سکتا ہے۔

برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ ثابت ہوا ہے کہ اسمارٹ واچز سگریٹ نوشی چھوڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ برسٹل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں ماہرین نے ایک موشن سنسر سافٹ ویئر تیار کیا جو اس وقت کا پتہ لگاتا ہے جب کوئی شخص سگریٹ پکڑے ہوئے ہوتا ہے۔ جب اس سافٹ ویئر کو سگریٹ نظر آتا ہے، تو اسمارٹ واچ کی اسکرین پر ایک الرٹ ظاہر ہوتا ہے اور ایپ کے ذریعے وائبریشن اور ٹیکسٹ میسج بھیجا جاتا ہے، جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ سافٹ ویئر فرد کے عزم کو اُس وقت مضبوط کرتا ہے جب وہ سگریٹ نوشی کی طرف راغب ہو رہا ہوتا ہے، اور اس کی مدد سے وہ اپنے ارادے پر قائم رہنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ یہ تحقیق 18 سے 70 سال کی عمر کے افراد پر کی گئی جنہوں نے سگریٹ نوشی چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

یہ اسمارٹ واچ 2 ہفتوں تک ان افراد کے ساتھ رہی اور ان سے 27 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ بھی بھروایا گیا۔ تحقیق میں شامل 66 فیصد افراد نے کہا کہ وہ اس موشن سنسر والی اسمارٹ واچ پہننے کے لیے تیار ہیں، جبکہ 61 فیصد نے اس ایپ کے پیغامات کو مددگار اور متعلقہ پایا۔

اگرچہ اس پروگرام کو مثبت ردعمل ملا، کچھ افراد نے یہ بھی بتایا کہ بار بار ایک ہی قسم کے پیغامات کی وجہ سے اس کی افادیت کم ہو سکتی ہے۔ اب محققین اس سافٹ ویئر کی مزید آزمائش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور مختلف قسم کے پیغامات استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ اس کی تاثیر مزید بڑھائی جا سکے۔