کوئٹہ : چینی کی قیمت دو سو روپے فی کلو تک جاپہنچی ، جس کے باعث چائے کا آدھا کپ بھی مزدور کی دسترس میں نہیں رہا۔
تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بڑھنے سے عام شہری تو پہلے سے ہی پریشان ہیں اب چینی سے بننے والی چیزوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے لگا۔
مٹھائی،آئسکریم اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، چینی مہنگی ہونے کے باعث کوئٹہ شہر کے ہوٹل مالکان بھی پریشانی سے دوچار ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ اب انہیں چائے کی قیمتیں بڑھانی ہونگی یا پھر ہوٹل بند کرنا پڑیں گے۔
چائے کے کپ کی قیمتوں میں گزشتہ تین ماہ کے دوران دس روپے اضافہ ہوا جبکہ اب دس روپے مزید اضافے کی صورت میں ایک کپ چائے اسی روپے کی ملے گی۔
مہنگائی کے باعث پہلے ہی ہوٹلوں پر نصف قیمت میں آدھا کپ چائے دینے کا رجحان بڑھ رہا تھا اب شاید غریب اور مزدور کار افراد کے لئے آدھا کپ چائے پینا بھی دشوار ہوگا۔