ترسیلات زر: 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34 ارب ڈالر رہیں

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17٫8 ارب ڈالر پاکستان بھجوا کر ریکارڈ بنادیا جو گزشتہ سال کی نسبت ترسیل زر میں 32.8 فیصد ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالر وطن بھیجے اور دسمبر 2024 کی ترسیلات دسمبر 2023 سے 29 فیصد زائد ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے سب سے زیادہ 77 کروڑ اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔

اس کے علاوہ برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالر، یورپ سے 36 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔

پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے باور کرایا کہ ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی بہن بھائیوں کےملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی سند ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹربیونلز کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملک و قوم کی ایک ایک پائی کا تحفظ کریں گے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندگان سے ٹیکس وصول کیا جائے نہ کہ غریب عوام پر ٹیکس کا مزید بوجھ ڈالا جائے۔

چئیرمین قومی پارلیمانی ٹاسک فورس برائے ترقیاتی اہداف بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل کو اوورسیز پاکستانیوں نے مسترد کردیا،دسمبر میں ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 29٫3فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق دسمبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3ارب10کروڑ ڈالرز سےزائد ترسیلات زربھیجیں، دسمبر 2023کے مقابلے میں 29٫3فیصد زائد ترسیلات زر بھیجی گئیں، نومبر 2024کے مقابلے میں 5 فیصد زائد ترسیلات زر بھیجی گئیں۔