پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 10 فیصد کی کمی

پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

او سی اے سی کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اوراگست میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 1.40ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں پی ایس او کی 1.55ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اگست میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 0.73ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 8فیصد کم اور رواں سال جولائی کے مقابلے میں 7فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال اگست میں ملک میں 0.79ملین ٹن اور رواں سال جولائی میں پی ایس او کی 0.68ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پی ایس او کے پٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر18فیصد اورہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں25فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس فرنس آئل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر84فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔