حکومت نے عوامی احتجاج نظر انداز کرتے ہوئے بجلی صارفین پر مزید بجلیاں گرانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس اہداف پورے کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ستمبر سے دسمبر تک کے بجلی بلوں میں ٹیکسوں میں مزید اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بلوں میں 6 روپے 61 پیسے کی سہ ماہی ایڈ جسٹمنٹ بھی شامل ہو گی جو جولائی میں 2 روپے 22 پیسے، اگست میں 2 روپے 24 پیسے تھی اور ستمبر میں 2 روپے 71 پیسے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر میں بجلی کے فی یونٹ نرخ 42 روپے 66 پیسے ہونے کا امکان ہے جس میں اکتوبر میں مزید اضافہ ہو گا، اکتوبر سے دسمبر تک فی یونٹ قیمت 49 روپے 55 پیسے ہو گی۔ ستمبر میں فی یونٹ 8 روپے 39 پیسے ٹیکس بھی عائد کیا جائیگا، اس کے علاوہ 2 روپے 55 پیسے فیول چارجز ایڈ جسٹمنٹ بھی عائد ہو گی۔
اکتوبر کے بجلی بلوں میں فی یونٹ 9روپے 67 پیسے ٹیکس اور 2 روپے 55 پیسے فیول چارجز ایڈ جسٹمنٹ شامل ہوگی جبکہ نومبر اور دسمبر میں فی یونٹ 9روپے 75 پیسے ٹیکس اور 2 روپے فیول چارجز ایڈ جسٹمنٹ شامل ہو گی۔ اس کے علاوہ بجلی بلوں میں دیگر ٹیکسز بھی لاگو ہوں گے جس سے صارفین پر اربوں روپے کا بوجھ پڑے گا۔