سرکاری کارپوریشنز کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نقصان میں جا رہی سرکاری کارپوشنز کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ تمام وفاقی وزارتیں نجکاری ڈویژن کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

نگراں وزیراعظم کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اعلیٰ اجلاس ہوا، جس میں ایف بی آر اور نجکاری ڈویژن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر ٹیکس کلیکشن ٹارگٹ پورا کرنے کے بارے میں پرعزم ہے۔

ایف بی آر نے بتایا کہ جولائی کے 534 ارب کے ٹارگٹ کے مقابلے میں 538 ارب کے محصولات اکٹھے کیے گئے، اسی طرح اگست کے 648 ارب کے ٹارگٹ کے مقابلے میں 669 ارب کے محصولات اکٹھے ہوئے۔

دورانِ اجلاس نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کےلیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں، ٹیکس ڈاکومینٹیشن کے بارے میں وفاق اور صوبوں کے مابین روابط کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سرکاری کارپوریشنز جو نقصان میں جا رہی ہیں ان کی نجکاری کاعمل تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تیز تر کیا جائے۔