عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہوجائیں، ای سی سی نے پٹرولیم ڈیلرز اور تیل کمپنیوں کا مارجن بڑھانے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد نگران حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار کر ڈالا۔
نگراں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس نگراں وزیرخزانہ شمشاد اختر کی زیرصدارت ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل پر 3.5روپے مارجن بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد 15ستمبر سے پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔
فیصلے کے مطابق پہلے مرحلے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے15ستمبر سے47پیسےفی لیٹرمارجن بڑھے گا جبکہ ڈیلرز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں 1.64روپے فی لیٹر مارجن بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیلرز کے لیے پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے مارجن 41پیسے فی لیٹر بڑھایا جائے گا۔
نگراں اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے پلان بنانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پی آئی اےکیلئے1.3 ارب روپے کی گرانٹس کی سمری مسترد کردی گئی
پی آئی اے نے 1.3ارب کی ایف بی آر کو ادائیگیاں مؤخر کرنے کی استدعا کی تھی۔
ای سی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ کو پی آئی اے کو مالیاتی ری اسٹرکچرنگ میں معاونت کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع کی 40 ارب روپے سپلیمنٹری گرانٹس منظور کرلی گئی ہے۔