تاجروں نے روسی گندم کا پورا جہاز خرید لیا، فی کلو قیمت 20 روپے کم

 پاکستان میں گندم کی قلت کو پورا کرنے اور روز بڑھتی قیمت کو قابو میں لانے کے لیے تاجروں نے روس سے گندم کا پورا جہاز خرید لیا ہے۔ جس سے گندم کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور لاہور کے تاجروں نے روس سے گندم کے جہاز کا سودا کرلیا۔ تاجروں نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں گندم اور آٹا کی قیمت نیچے آئے گی اور کمی پوری ہوگی۔ روس سے 60 ہزار میٹرک ٹن گندم کا جہاز 20 ستمبر تک کراچی پہنچے گا۔

تاجروں نے بتایا کہ روسی گندم کی کراچی پہنچ کر فی کلو قیمت 95 روپے پڑے گی جبکہ جہاز پہنچنے سے قبل ہی بیوپاریوں نے 110 روپے فی کلو میں گندم خرید لی ہے۔


تاجروں نے انکشاف کیا کہ روس سے گندم کے 60 ،60 ہزار ٹن کے دو مزید جہازوں کے سودے بھی ہوچکے ہیں۔ روسی گندم آنے سے پورا سال وافر مقدار میں گندم دستیاب ہوگی۔

دوسری جانب بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ روسی گندم آنے سے آٹے کی قیمت 20 روپے فی کلو نیچے آ سکتی ہے۔ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم 124 روپے اور آٹا 160 روپے فی کلو ہے۔