حکومت نے ڈالر کی غیرقانونی نقل و حمل روکنے سمیت دیگر اقدامات کے ذریعے آئی ایم ایف کی انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان فرق کو 1.25 فیصد رکھنے کی شرط بھی پوری کردی۔
آئی ایم ایف کی شرط پر فارن کرنسی کی قیمت میں اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں فرق 0.7 فیصد کے برابر ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے اور انٹر بینک میں 305 روپے کا ہے، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1.98 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 5 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں یورو 3 روپے کمی سے 332 روپے پر آگیا ہے، حالیہ کچھ روز کے دوران یورو کی قیمت میں اپنی بلند ترین سطح سے 23 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں پاوٴنڈ 9 روپے کم ہو کر 388 روپے پر آ گیا ہے اور پاوٴنڈ کی قیمت میں بلند ترین سطح سے 30 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
سعودی ریال 1.50 روپے کمی سے 81.80 روپے پر آ گیا، سعودی ریال 7.20 روپے نیچے آیا ہے جبکہ اماراتی درہم 86.80 روپے پر تبدیل ہوا اور حالیہ کچھ روز میں درہم اپنی بلندی سے 3.20 روپے نیچے آیا ہے۔
آئی ایم ایف نے دونوں بازاروں کے درمیان 1.25 فیصد فرق کی شرط رکھی ہے اور فارن کرنسی کی قیمت میں اوپن مارکیٹ اور انٹربینک کا فرق 1 فیصد سے نیچے آگیا ہے۔ فارن کرنسی کی قیمت میں اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں فرق 0.7 فیصد کے برابر ہے جو پیر کو تقریباً 8.2 فیصد تھا۔