اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کو رواں مالی سال 2 ارب ڈالر فراہمی کا اشارہ دیدیا۔
نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہاہے کہ حکومت معیشت کومستحکم کرنے اورپائیدار اقتصادی نموکیلیے اصلاحات پرعمل پیرا ہے، پاکستان عالمی بینک کیساتھ اپنی ڈیولپمنٹ پارٹنر شپ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے کہاکہ رواں مالی سال عالمی بینک سے پاکستان کو دو ارب ڈالرکی فنانسنگ فراہمی کے اہداف کی مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ملاقات کے دوران ناجی بن حسائن نے پاکستان کو رواں مالی سال دو ارب ڈالرفراہم کرنے کا عندیہ دیا۔ تاہم یہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی کہ یہ رقم کس مد میں فراہم کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے شمشاد اختر سے ملاقات کی،ملاقات میں عالمی بینک کے پاکستان میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،اس دوران پاکستان میں عالمی بینک کے جاری منصوبوں کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال ہوا، ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد کے لیے مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
کنٹری ڈائریکٹرناجی بنہیسن نے نگران وزیر خزانہ کو عالمی بینک کے جاری پورٹ فولیوپر تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے کہا کہ عالمی بینک انتطامیہ وزارتِ خزانہ کے ساتھ مل کرنہ صرف جاری پورٹ فولیو کی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ فارن ریسورسزکی ڈسبرسمنٹ کی جارہی ہے۔
شمشاد اختر نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اقتصادی استحکام کیلیے جاری حکومتی کوششوں بارے تفصیلات سے آگاہ کیااورعالمی بینک کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیاکہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکتداری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اے پی پی کے مطابق وزیر خزانہ نے گزشتہ سال آنیوالے سیلاب کے دوران عالمی بینک کی فوری مدد کو سراہا۔ انھوں نے کہا ملک کی ہنگامی ضروریات سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک کی مزید مدد کی ضرورت ہے۔