ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر117فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اور اگست میں ملک سے 1175000 ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 117 فیصد زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 541000ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔اعداد وشمار کے مطابق اگست میں 725000ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 87فیصد زیادہ ہیں۔
گزشتہ سال اگست میں 387000ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔جولائی کے مقابلے میں اگست میں ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر61فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی۔جولائی میں 450000ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو اگست میں بڑھ کر725000ٹن ہوگئیں۔مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں 7714000ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5337000ٹن تھیں۔
دوسری جانب سیمنٹ کی قیمتوں میں کل نسبت کمی ہوئی ہے، گزشتہ روز سیمنٹ کی پچاس کلو کی بوری 1215 میں مل رہی تھی جبکہ آج 1200 سے 1205 میں فروخت ہو رہی ہے۔