کراچی: شاہ فیصل کالونی میں چمڑا فیکٹری کے ورکرز سے بھری بس کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کی علی الصبح لیدر فیکٹری کی بس ورکرز کو لے کر فیکٹری جا رہی تھی، بس جب شاہ فیصل کالونی نمبر3کے قریب اسٹاپ پر رکی تو 8 سے زائد مسلح ڈاکو بس میں سوارہوگئے اور انہوں نے ڈرائیورکوقابوکرنے کے بعد بس میں سوارفیکٹری کے ملازمین سے لوٹ مار شروع کردی۔
مسلح ملزمان چمڑا فیکٹری کے70 ورکرزسے درجنوں موبائل فونز، نقدی اوردیگر سامان لوٹ کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فیکٹری کے متاثرہ ورکرسلمان نے بتایا کہ ان کی بس جسے ہی عظیم پورہ کے علاقے میں داخل ہوئی تو7 سے 8 ڈکیتوں نے بس کا تعاقب شروع کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی بس اسٹاپ پر رکی اور ورکربس میں سوار ہونے لگے، تو اسی دوران ڈاکو بھی گاڑی میں سوار ہو گئے، انہوں نے ڈرائیور پراسلحہ تان کر اسے قابومیں کرلیا اور بس میں سوار ورکرزسے لوٹ مار شروع کردی۔
ڈکیتوں نے بس میں موجود فیکٹری ورکرز کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس کے نتیجے میں ان ورکرزکے منہ سے خون بہنا شروع ہو گیا تھا،مسلح ڈاکوؤں نے ورکرزسے درجنوں موبائل فونز ، نقدی اور ان کے پاس موجود تمام سامان لوٹ لیا۔
فیکٹری ورکر نے بتایا کہ بس میں خواتین ورکرزبھی موجود تھیں، ڈاکوؤں نے خواتین ان کے ساتھ بھی لوٹ مار اوران سے بدتمیزی بھی کی، واردات مکمل کرنے کےبعد ڈاکوؤں نے بس کے ڈرائیور کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے ڈرایا دھمکایا کہ وہ بس نہ چلائے۔
واردات کے بعد تمام ورکرزتھانے گئے، تھانے میں چند پولیس افسران موجود تھے جنہیں ورکرز نے اس واردات کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا، جس پر پولیس افسران نے کہا کہ آپ لوگ درخواست کے ساتھ شام میں تھانے آجانا اس کے بعد ہم کچھ کریں گے۔
فیکٹری کے ایک ملازم نے اپنا نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پربتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد 8 سے زائد تھی جو بس اسٹاپ پرورکرز کے ساتھ بس میں چڑھ گئے تھے اور انہوں نے بس میں سوارورکرزکوتشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
انھوں نے بتایا کہ بس ورکز سے بھری ہوئی تھی اورتقریبا اس وقت بس میں 70 سے 72 ورکرز موجود تھے جن سے ڈکیتوں نے لوٹ مارکی، انھوں نے بتایا کہ چند لوگوں کے علاوہ سب کے پاس موبائل فون اور نقد رقم موجود تھی۔