چھاپوں کا خوف ختم ہوتے ہی چینی پھر مہنگی ہونا شروع ہو گئی، حکومتی دعوے اور چینی مافیا آمنے سامنے آ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، چیئرمین ہول سیل گروسرز کے مطابق ہول سیل میں قیمت میں 3 روپے اضافے سے چینی 157 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے، جب کہ ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 روپے پر برقرار ہے۔
لاہور میں بھی حکومتی دعوؤں کے برعکس چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی، 140 روپے فی کلو والی چینی بازار میں اب بھی 160 اور 165 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ادھر کراچی میں ہول سیل میں چینی تین روپے اضافے سے 154 روپے سے بڑھ کر 157 روپے ہو گئی ہے، ہول سیل گروسرز کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان چینی کی ایکس مل کی قیمت میں 4 روپے اضافے سے 151 روپے سے بڑھ 155 روپے ہو گئی ہے، اور ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 روپے پر برقرار ہے۔
دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی مافیا پر چھاپوں کے خوف سے گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں کمی رہی، لیکن پھر چینی کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ آٹا، دالیں، سبزیاں سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اور دو وقت کے کھانے کے لیے تنخواہ کم پڑ گئی ہے۔