کوئٹہ میں دھماکا، جے یو آئی رہنما حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی

کوئٹہ میں ستونگ کے قریب سڑک کنارے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حافظ حمد اللہ زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ میں کراچی کوئٹہ ہائی وے پر سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور لیویز اہلکاروں نے پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، بم ڈسبوزل اسکواڈ بھی جائے وقوعہ پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ اپنے قافلے کے ہمراہ کوئٹہ کراچی ہائی وے سے منگوچر جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو مستونگ کے چھوٹا ایریا پر نشانہ بنایا گیا۔

اسی ضمن میں ترجمان جمعیت علمائے اسلام ایف (جے یو آئی) نے حافظ حمد اللہ کی دھماکے میں زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حمد اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس ایس پی مستونگ شعیب مسعود کے مطابق دھماکے میں حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا، البتہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

دھماکے کے مقام سے لی گئی تصاویر میں ایک کوسٹر بس سمیت تین گاڑیاوں کو بال بیئرنگ کے سوراخوں اور ٹوٹی کھڑکیوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

کوسٹر کوئٹہ سے خضدار جا رہی تھی جس میں سوار افراد بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔ آج نیوز کے مجیب احمد نے کہا کہ یہ خودکش حملہ ہوسکتا ہے۔

کچھ رپورٹس میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک خودکش بمبار نے اپنی موٹر سائیکل سے حمد اللہ کو لے جانے والی کار سے ٹکر ماری اسے زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

فوٹیج میں حافظ حمد اللہ کے ہمراہ جے یو آئی ایف کارکنوں کو دوسری گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

قومی شاہراہ جس پر حمداللہ کو نشانہ بنایا گیا وہ بلوچستان کے کئی شہروں کو کراچی سے ملاتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا مستونگ دھماکے پر اظہارِ افسوس

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مستونگ میں دھماکے کی مذمت کی اور اس کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ و دیگر کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے ناسورسے نبرد آزما ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔