خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ ’سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا ناقابل برداشت قرار‘ دیا گیا۔
پشاور میں منعقدہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات سمیت اعلیٰ عسکری و سول قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لینے کے بعد صوبائی حکومت نے بڑی حکمت عملی بنالی۔ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا ناقابل برداشت قرار دیا گیا۔
اہم بیٹھک میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں کےخلاف سخت اقدامات اور غیرقانونی افغان باشندوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ایپکس کمیٹی اجلاس میں منشیات کے کاروبارمیں ملوث افراد کےخلاف آپریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کا کہنا تھا کہ جعلی نیوز پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ بھتہ خوروں کےخلاف بھرپور ایکشن لیا جائےگا۔