بھارت نے کینیڈا پر دہشتگردی کا الزام عائد کردیا

نئی دہلی: بھارت نے خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا جواب دینے کے بجائے کینیڈا پر دہشتگردی کا الزام عائد کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہردیپ سنگھ نجر کے کینیڈا میں قتل کے بعد سے بھارت اور کینیڈا آمنے سامنے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔

دو روز قبل کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں بیان دیا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

اس کے فوراً بعد کینیڈا نے بھارتی سفیر کو ملک بدر کیا جبکہ جوراً بھارت نے بھی کینیڈا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کیلیے پانچ دن کی مہلت دی۔

آج ترجمان بھارتی وزارت خارجہ سے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں نے سکھ رہنما کے قتل سے متعلق سوالات پوچھے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

اُلٹا ترجمان نے کینیڈا پر دہشتگردی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، ہم اتحادی ممالک کے ساتھ اس معاملے پت رابطے میں ہیں۔