نئی دہلی: بھارت میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر فلپ ایکرمین نے ایک مقامی اخبار میں مضحکہ خیز غلطی کے حامل اشتہار کی نشاندہی کی اور اسے ایکس پر بھی شیئر کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے ایک اخبار میں بورڈنگ اسکولوں کے اشتہار کو دکھایا گیا تھا تاہم اشتہار میں اس میں برلن میں جرمن صدر کی شاندار رہائش گاہ کو اسکول کی عمارت کے طور پر دکھایا گیا۔
X پر جرمن سفیر نے اس اشتہار کی تصویر شیئر کی جس میں بھارت کے معروف بورڈنگ اسکولوں کے ایک بڑے اجتماع کی بات کی گئی لیکن اس میں جرمنی کے بیلیو محل کی تصویر دکھائی گئی جو بھارت کے راشٹرپتی بھون کے برابر ہے۔ کیپشن میں سفیر نے تضاد کی نشاندہی کی اور انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی واضح کیا کہ صدارتی محل میں کسی بچے کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
جرمن سفیر کی جانب سے شیئر کردہ اس پوسٹ کو 58,000 سے زائد کمنٹس اور تقریباً 1,500 لائکس مل چکے ہیں۔ انٹرنیٹ صارفین نے مختلف ردعمل کے ساتھ تبصرے کیے ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ایسی غلطی صرف بھارت میں ہی ممکن ہے۔