ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، 3 اشتہاری ملزمان ابوظہبی سے گرفتار ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا، ترجمان

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے تین اشتہاری ملزمان کو ابو ظہبی سے گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں مسعود حسین، محمد سلیم اور محمد عمر شہزاد شامل ہیں، تینوں پنجاب پولیس کو مطلوب تھے جنہیں اسلام آباد ائرپورٹ منتقل کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مسعود حسین جہلم پولیس، ملزم محمد سلیم بہاولپور پولیس جبکہ ملزم محمد عمر شہزاد ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھا۔

ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمے درج تھے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے انٹرپول نے ریڈ نوٹسسز جاری کیے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا، ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابو ظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔