حماس کی طرف سے اسرائیل پر ’اچانک حملے‘ کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث امریکی مارکیٹ میں پیٹرول اور سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان خوفناک مسلح جھڑپوں کے باعث یہ خدشات پیدا ہوگئے کہ تنازع غزہ سے باہر پھیل کر مشرق وسطیٰ کے دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے جب کہ اس دوران امریکی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھا گیا، سونے کی قیمت بڑھ گئی جب کہ یورو کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بہتری دیکھی گئی۔
ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے اسٹاک میں کمی ہو گئی جب کہ اہم یو ایس اسٹاک انڈیکس میں دوپہر تک نیویارک ٹریڈنگ میں قدرے مثبت رجحان دیکھا گیا جو کاروباری دن کے شروع میں ہونے والے منفی رجحان سے نکل رہا تھا۔
اسرائیلی کرنسی شیکل کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں تیزی سے کمی دیکھی گئی۔
بینک آف اسرائیل نے پہلے کہا کہ وہ استحکام برقرار رکھنے کے لیے 30 ارب ڈالر کی غیر ملکی کرنسی فروخت کرے گا۔
اسرائیلی حکومت کے بانڈز کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی، 2120 ہنڈریڈ ایئر بانڈ ڈالر کے مقابلے میں 5.3 سینٹ کی ریکارڈ کم ترین سطح پر آگیا۔
اس کے علاوہ یو ایس کروڈ 4.46 فیصد بڑھ کر 86.48 ڈالر فی بیرل اور برینٹ 88.04 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے اسٹاک میں 0.21 فیصد کمی ہوئی جب کہ سونے کی مانگ میں اضافہ ہوگیا جس کی قدر تقریباً 1.2 فیصد بڑھ کر ایک ہزار 852 ڈالر فی اونس ہوگئی۔