غیر قانونی طریقوں سے ملک میں پیسہ بھجوانے کیخلاف سخت ایکشن کے باعث بینکنگ چینلز سے رقوم بھجوانے کےسبب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 3.5فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کےمطابق رواں ماہ کے دوران اوورسز پاکستانیوں نے 2.206 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں بھجوایا،جوگزشتہ ماہ اگست کے مقابلے میں 5.3 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 2.094 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مرکزی بینک کے مطابق اگر گزشتہ سال کے اسی عرصے کا جائزہ لیاجائے تو ستمبر 2022میں سمندر پار پاکستانیوں نے 2.487 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک بھجوایا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سمندر پار پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 6.3 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں بھجوایا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں ماہ کے دوران پاکستانیوں نے سعودی عرب سے 538.2 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 400 ملین ڈالر، برطانیہ 311.1 ملین ڈالر اور امریکہ سے 263.4 ملین ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں۔