’میڈ اِن پاکستان‘ : ایس یو ویز گاڑیوں کی پہلی کھیپ برآمد

ماسٹر چنگان موٹرز لمیٹڈ پاکستان میں تیار کردہ 14 اوشان ایکس 7 ایس یو ویز برآمد کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے، یہ کینیا اور تنزانیہ کی مارکیٹ میں فروخت کی جائیں گی۔

گزشتہ برس پہلا ماڈل یونٹ اوقیانوسیہ خطے کے ایک ملک کو بھی برآمد کیا گیا تھا، یہ اہم سنگ میل چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر حاصل کیا گیا، اس طرح دونوں ممالک کے درمیان گہرے اقتصادی تعاون کی ایک مثال قائم ہوئی۔

ماسٹر چنگان موٹرز کے پورٹ قاسم پلانٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں چیف ایگزیکٹو دانیال ملک نے کہا کہ کینیا اور تنزانیہ ان بہت سے ممالک میں سے ایک ہیں، جہاں کمپنی برآمدات کے حجم کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

چنگان آٹو موبائل چائنا نے بتایا کہ کم کاربن کور ٹیکنالوجی پر مصنوعات کی توجہ کے ساتھ بیرون ملک مارکیٹ میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے،چنگان کی توجہ عالمی منڈیوں میں قدم جمانے پر ہے، جس میں یورپ، امریکا، مشرق وسطی اور افریقہ، ایشیا پیسیفک، دولت مشترکہ کی آزاد ریاستیں شامل ہیں، کمپنی 2023 تک 90 فیصد عالمی منڈیوں میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میڈ اِن پاکستان‘ گاڑیوں کی برآمد کا مکمل انحصار آٹو انڈسٹری کو فروغ دینے اور اس کی حوصلہ افزائی کے لیے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر ہے، اس مقصد کے لیے پاکستان کی آٹو انڈسٹری نے برآمدات کو طویل مدت میں قابل عمل بنانے میں مدد کے لیے پہلے ہی تجاویز پیش کی ہیں۔

دانیال ملک نے بتایا کہ آٹو انڈسٹری آٹو انڈسٹری کو حکومت سے ایسی پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے جو مقامی طور پر حجم میں اضافہ کریں، جس کے نتیجے میں پیدوار میں اضافہ ہوگا، اور لوکلائزیشن میں مدد ملے گی، اس کے ساتھ کار سازوں کی عالمی مسابقت کے لیے ترغیب ملے گی۔

قبل ازیں، پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے کہا تھا کہ وہ اپنی کاروں کی برآمدات پر بھی کام کر رہی ہے، جنہیں کئی ڈبلیو پی-29 معیارات پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ہائبرڈ ماڈلز پر بھی کام جاری ہے۔

انڈس موٹر کمپنی جولائی 2023 سے اعلیٰ معیار کی مصنوعات برآمد کرنے کے لیے ٹویوٹا مصر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرکے عالمی سپلائی چین میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی آٹو کمپنی بنی تھی۔