ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر گرفتار، ملزم کا دوران تفتیش اہم انکشاف

سی ٹی ڈی کے شعبہ تفتیش نے ایم کیو ایم لندن کے اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش کی خفیہ اطلاع پر اہم کاروائی میں ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری کو گرفتار کرلیا گیا۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق کاروائی سرجانی ٹاؤن بلال کالونی فور کے چورنگی پر کی گئی جہاں سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ملزم نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ 2014 میں لسانی فسادات اور قتل و غارت گری عروج پر تھی، سیکٹرآفس کی جانب سے بلوچوں کو قتل کرنے کی ہدایات ملی، ہم نے لیاری گینگ وار کے عبد الوحید اور دانش اچہم کو گولی مار کر قتل کیا۔

انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ واقعےکا مقدمہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج ہوا تھا، ملزم دانش کالا مقدمے میں اشتہاری ہو کر حیدرآباد میں روپوش رہا،  ملزم جیسے ہی کراچی واپس آیا خفیہ اطلاع پر گرفتار کرلیا۔