سندھ پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی یونیفارم میں اسرائیل کے حق میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

کراچی:سندھ پولیس کی ایک لیڈی کانسٹیبل نے پولیس یونیفارم میں اسرائیل کے حق میں ٹک ٹاک ویڈیو جاری کردی۔

آئی جی سندھ نے لیڈی پولیس کانسٹیبل کی ویڈیو کا نوٹس لیا تو ویڈیوز ڈیلیٹ کردی گئیں تاہم اس معاملے کی تحقیقات ڈی آئی جی اسپیشل برانچ آصف اعجاز شیخ کے سپرد کی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف اعجاز شیخ نے کہا کہ مذکورہ کانسٹیبل سنبل غوری سی پیک سکیورٹی کے لیے قائم کیے گئے سندھ پولیس کے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں کام کر رہی ہیں جو سندھ کے شہر میرپور خاص سے تعلق رکھتی ہیں۔

 32 سالہ لیڈی کانسٹیبل نے مشہور ہونے اور اپنے اکاؤنٹ کے فالوورز بڑھانے کے لیے اسرائیل کے حق میں یونیفارم میں ویڈیو بنا کر جاری کی تھی۔

 آصف اعجاز شیخ کے مطابق خاتون کانسٹیبل 2019 میں کورنگی، 2021 میر پور خاص میں تعینات ہوئی، لیڈی کانسٹیبل پر خلاف ضابطہ کام پر اپریل 2023 میں بھی جرمانہ ہوچکا ہے تاہم سنبل کی جانب سے اس ویڈیو کو اپلوڈ کرنے کی تردید کی گئی ہے اور خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے خود نہیں بلکہ کسی اور نے اس کے ساتھ ایسا کیا ہے۔