فلسطینیوں پر حملے بند نہ ہوئے تو پیشگی کارروائی کی جاسکتی ہے : خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر  آیت اللہ خامنہ ای نے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری فوری  روکنےکا مطالبہ کرتے  ہوئے کہا ہے کہ  اسرائیل کے جرائم  جاری  رہے تو  دنیا  بھرکے مسلمانوں اور مزاحمتی قوتوں کو کوئی نہیں روک سکتا۔

ایک بیان میں  آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام کو ان کے جرائم کے لیے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا  تھا کہ مقبوضہ فلسطین کی اسرائیلی سیٹلمنٹس میں شہری نہیں مسلح افراد مقیم  ہیں۔

اس سے پہلے ایران نے خبردار کیا تھا کہ فلسطینیوں  پر حملے نہ  رکے تو  پیشگی کارروائی کی جاسکتی ہے، جنگ پھیلی تو  اسرائیل کا جغرافیہ بدل جائےگا۔

علاوہ ازیں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان نے کہا ہےکہ غزہ میں اسرائیل کے جرائم پر خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے اس لیے مزاحمتی محاذ کا حملہ ممکن ہے اور ایران کا خود جنگ میں شریک ہونا بھی خارج از امکان نہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے اسرائیل فلسطین جنگ طویل ہونے کی دھمکی دی ہے۔

تل ابیب میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا ہمارا عظیم اتحادی ہے، امریکی اعلیٰ حکام روز اسرائیل آ رہے ہیں۔