لودھراں میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے آنے والی پولیس پارٹی کو باراتیوں نے یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کے مطابق ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے تھانے راجہ رام کی پولیس کو مخبر نے اطلاع دی کہ دو روز قبل لطف پور میں ہونے والی ڈکیتی کے تین مبینہ ملزمان لودھراں کے چک نمبر 50 ایم میں شادی کی تقریب میں موجود ہیں۔
مخبر کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی اور بارات میں شامل ڈکیتی کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا تو باراتیوں نے ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا اور تشدد کر کے تینوں ملزمان کو چھڑوالیا۔
بعد ازاں 3 تھانوں کی پولیس نے ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرایا۔
پولیس نے دلہے اور اس کے والد سمیت 10سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ، اہلکاروں کو یرغمال بنانے و تشدد کا مقدمہ بھی درج کر لیا۔