نیو یارک:اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسپتال پر حملہ بنیادی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے اپنے بیان میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر اچانک بم باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کے مراکز تو محفوظ تصور کیے جاتے ہیں، جب کہ غزہ میں انہیں بھی حملوں کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔
دریں اثناء عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے بھی اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین خصوصاً غزہ میں عام شہریوں اور اسپتالوں کو جنگ سے محفوظ رکھا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب صہیونی ریاست اسرائیل کی قابض فوج نے غزہ کے اسپتال پر وحشیانہ بم باری کی، جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی شہید ہو گئے جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی غیر معمولی طور پر زیادہ ہے۔
دوسری جانب عالمی سطح پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی جا رہی ہے۔