ایفیڈرین کیس: لاہور ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کو بری کر دیا

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سینئر رہنما راجہ حنیف عباسی کو ایفیڈرین کوٹہ کیس میں بری کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرل پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصلہ سنایا۔

قبل ازیں منگل کو عدالت نے اپیل کنندہ اور حکومت کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

عدالت نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو خصوصی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔

دریں اثنا، سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹر پر حنیف عباسی کو بری ہونے پر مبارکباد دی۔

مسلم لیگ نواز کے رہنما حنیف عباسی کو عام انتخابات 2018 سے صرف چار روز قبل گرفتار کیا گیا تھا، انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں این اے 60 راولپنڈی سے حصہ لینا تھا۔