پولیس نے بین الصوبائی سطح پرغیر قانونی طریقے سے منتقل کی جانیوالی بارودی مواد کی کھیپ پکڑلی، برآمد مال میں ہزاروں کی تعداد میں نان الیکٹرک ڈیٹونیٹراور سیفٹی فیوز وائر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضلع کیماڑی سائٹ اے پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان میں ممکنہ طور پر بڑا واقعہ ہونے سے بچالیا۔
پولیس نے بین الصوبائی سطح پرغیر قانونی طریقے سے منتقل کی جانیوالی بارودی مواد کی کھیپ پکڑلی۔
ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ برآمد مال میں ہزاروں کی تعداد میں نان الیکٹرک ڈیٹونیٹراور سیفٹی فیوز وائر شامل ہیں، کارروائی کے دوران ملزم انور خان کو گرفتار کیا۔
عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او سائٹ اے نے گشت کے دوران مشتبہ رکشہ کو روکا،رکشے سے نان الیکٹرک ڈیٹونیٹراور سیفٹی فیوز وائربرآمد ہوئی، کارروائی کے دوران ایک ملزم گرفتار دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
حکام کے مطابق ملزم مذکورہ مواد بین الصوبائی سطح پرراولپنڈی سے غیر قانونی طور پر کراچی لایا تھا، برآمد مواد میں 4ہزار437نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر اور 10 بنڈل سیفٹی فیوز وائر شامل ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق رکشہ سے برآمد مواد فرار ملزم دیدار شاہ کے گھر پہنچانا تھا، موقع سے فرار ملزم کا گھر آفریدی کالونی بلدیہ میں ہے، فرار ملزم دیدار شاہ نے برآمد مواد بلوچستان کے کسی علاقے میں ترسیل کرنا تھا۔
عارف اسلم راو نے مزید بتایا کہ برآمد مواد ممکنہ طور پر بلوچستان میں کسی غیرقانونی سرگرمی میں استعمال ہونا تھا، گرفتار اور فرار ملزم کیخلاف ایکسپلوزیو ایکٹ اور دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور فرار ملزم کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔