امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج پر حملہ کیا گیا تو وہ بھرپور جوابی کاروائی کرے گا۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور حماس جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا تو واشنگٹن جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے کیونکہ یہ تنازع مشرق وسطیٰ میں پھیلنے کا امکان ہے۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق این بی سی کے میٹ دی پریس میں ایک انٹرویو کے دوران انٹونی بلنکن نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ ایران کی شمولیت سے جنگ میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے اگر امریکی اہلکار ایسی کسی بھی مسلح کاروائی کا نشانہ بنے۔ .
انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں کہ ہم اپنے لوگوں کا مؤثر طریقے سے دفاع کرسکیں اور اگر ضرورت پڑی تو فیصلہ کن جواب دے سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں دو طیارہ بردار جنگی جہازوں سمیت اضافی فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔