الجزیرہ کی غیر جانبدار کوریج سے امریکا کو بھی تکلیف ہونے لگی

واشنگٹن: دنیا کے سامنے اسرائیلی مظالم بے نقاب کرنے والے معروف قطری نیوز چینل الجزیرہ کی غیر جانبدار کوریج سے سُپر پاور امریکا کو بھی تکلیف ہونے لگی ہے۔

ترکیہ کی نیوز ایجنسی انادولو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ میں الجزیرہ کی کوریج کو کم کیا جائے۔

انٹونی بلنکن کی جانب سے یہ مطالبہ امریکی یہودی کمیونٹی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا جس میں تین افراد شریک تھے۔

رپورٹ کے مطابق ملاقات میں انٹونی بلنکن نے یہودی کمیونٹی کو بتایا کہ جب وہ 13 اکتوبر کو دوحہ میں تھے تو انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حماس کے بارے میں اپنا مؤقف بدلیں۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ امریکی وزیر خارجہ نے قطری حکومت سے کہا الجزیرہ اسرائیل مخالف مواد نشر کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق انٹونی بلنکن کی گفتگو سے ایسا محسوس ہوا کہ وہ الجزیرہ عربی نہیں بلکہ الجزیرہ انگریزی کے بارے میں کہہ رہے تھے۔

نیوز ایجنسی انادولو نے امریکی محکمہ خارجہ سے اس متعلق وضاحت کیلیے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا جبکہ قطری وزارت خارجہ نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔