بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی کے بجائے رقم دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بجلی کمپنیوں کے گریڈ 17 سے 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹس کے عوض رقم ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس وزیر توانائی محمد علی کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی نے پاور ڈویژن کی بذریعہ سمری کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) کے گریڈ 17 کے افسران کو مفت بحلی کے بجائے ماہانہ 15 ہزار 858 روپے ملیں گے جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کے بجائے 21 ہزار 996 روپے دیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 19 کے افسران کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کے بجائے 37 ہزار 594 روپے ملیں گے جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو ماہانہ 1100 مفت یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 روپے دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 مفت یونٹس کے بجائے 55 ہزار 536 روپے ملیں گے ۔
اس کے علاوہ بجلی پیداواری کمپنی کے گریڈ 17 کے افسران کو ماہانہ 24 ہزار 570 روپے دیے جائیں گے جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو ماہانہ 700 مفت یونٹس کے بجائے 26 ہزار 460 روپے ملیں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ جنکوز کے گریڈ 19 کے افسران کو ماہانہ 42 ہزار 720 روپے دیے جائیں گے، جنکوز کے گریڈ 20 کے افسران کو ماہانہ 46 ہزار 992 روپے ملیں گے۔
ذرائع کے مطابق جنریشن کمپنیوں کے گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 55 ہزار روپے 536 دیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی توانائی کمیٹی نے صنعتی صارفین کیلئے رعایتی بجلی پیکج کی منظوری مؤخر کر دی۔
ذرائع کے مطابق تاپی منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق پیٹرولیم ڈویژن کی سمری منظور کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاپی منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق کچھ امور کی منظوری ضروری تھی۔